اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطرکے مابین دیرینہ تعلقات ہیں، دونوںممالک کے عوام کے مابین دل کا رشتہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں قطر کے سفیر سعود عبدالرحمن الثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور قطرکےدرمیان تعلقات بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستانیوں کے لئے قطر ویزا میں سہولیات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور قطرکے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان دل کا رشتہ ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قطر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور قطرکے درمیان تجارت کے بہت مواقع ہیں، عملی اقدامات جلد کرنے کی ضرورت ہے ۔قطری سفیر نے شیخ رشید احمد کو وزیر داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پرمبارکباد بھی دی۔ قطری سفیر کی طرف سے وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد کو قطر دورے کی دعوت بھی دی گئی۔