
چکری ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی قیادت کے پاکستان کے خلاف جارحانہ بیانات کا نوٹس لے۔ پیر کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہو گا، بھارت کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور حزب اختلاف کو قومی سلامتی کے مسئلہ پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں کی مالی معاونت کر رہا ہے جبکہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کے تحت بین الاقوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے کوشش کر رہا ہے۔