اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اختیارات کے بغیر رینجرز کو کراچی کی سڑکوں اور چوراہوں پر نہیں کھڑا کر سکتے،رینجرز اختیارات کے حوالے سے ہرمرتبہ لیت ولعل سے کراچی کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں،کراچی کے امن و امان کے سلسلے میں رینجرز کی کوشیں اور قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران صوبہ سندھ کی مجموعی اور بالخصوص کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ کراچی کے موجودہ حالات اور امن و امان کی بہتر صورتحال تمام سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جس میں رینجرز کا کردار سر فہرست ہے۔انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کراچی کے اسٹیک ہولڈرز بشمول تمام سیاسی جماعتوں کے واضح مطالبے، ملکی مفاد اور بالخصوص کراچی کے عوام کی فلاح و بہبود کی غرض سے شروع کیے گئے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہے۔