وزیر داخلہ کا وزارت داخلہ میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

113
Interior Minister Ch. Nisar Ali Khan chairing a meeting on Traffic Management of Islamabad on 06 April 2017.

اسلام آباد ۔ 06 اپریل (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ جڑواں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کیلئے آمدورفت کو آسان بنایا جائے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے آمدورفت کو سیف سٹی سے منسلک کیا جائے، تمام داخلی و خارجی مقامات پر مئی تک ریڈیو فریکونسی شناخت کا نظام نصب کیا جائے تاکہ جڑواں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو سہولت حاصل ہو اور وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔ جمعرات کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قائم مقام سیکرٹری داخلہ طارق محمود خان، ایڈووکیٹ جنرل، چیف کمشنر اسلام آباد، چیئرمین نادرا، آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد پولیس، ضلعی انتظامیہ اور وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سی ڈی اے کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی مقامات پر ضرورت اور جگہ کی گنجائش کے مطابق لینز کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ داخلی و خارجی مقامات پر ٹریفک کا بہاﺅ بہتر ہو۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایکسپریس ہائی وے، کشمیر ہائی وے اور مری روڈ سمیت جڑواں شہروں کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک انتظامات کی موجودہ حالت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔