اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اتوارکو پاک بحریہ ڈاک یارڈ کراچی کا دورہ کیا،کمانڈر پاکستان فلیٹ وی/ایڈمرل نوید اشرف نے ان کااستقبال کیا۔ وزیر داخلہ کو پاک بحریہ کی آپریشنل طاقت اور نیول آپریشن کے مختلف پہلوؤں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
دریں اثناءوزیر داخلہ شیخ رشید احمد کوسب میرین حمزہ کابھی تفصیلی دورہ کروایا گیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سب میرین کے مختلف حصے دیکھے اور نیول افسران سے آپریشنز سے متعلق تفصیلات لیں۔ شیخ رشید احمد نے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر انتہائی اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے ان کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔انہو ں نے کہا کہ جنگ ہو یاامن دونوں صورتوں میں پاک بحریہ کا کردار لائق تحسین ہے۔