وزیر داخلہ کی ترکیہ کے ہم منصب سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

118
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترکیہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ترکیہ میں 3 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور ترکیہ گہرے مذہبی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک ترکیہ تعلقات پائیدار شرکت داری میں بدل رہے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان برادر ملک ہے، جلد اسلام آباد کا دورہ کروں گا۔ ترکیہ کے وزیر داخلہ نے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس ضمن میں ماہرین کا وفد ترکیہ بھیجے، ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 23 اکتوبر کو انقرہ میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب ہے نہ علاقے، دہشتگردی کا خاتمہ اس وقت ایک عالمی چیلنج ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام عالم کو اس ناسور سے نمٹنے کیلئے جامع اقدامات اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ساہا انٹرنیشنل ایکسپو پر بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر ترکیہ کے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔