وزیر دفاع خواجہ آصف نے عامر وسیم انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی اینڈ انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کر دیا

189
سیالکوٹ۔ 10 نومبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں عامر وسیم انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی اینڈ انسٹیٹیوٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں لہٰذا مجھے جہاں بھی کھیلوں کے فروغ اور بہتری کے لیے پکارا جائے گا میں ماضی کی طرح اب بھی وہاں ترجیحی بنیادوں پر پہنچوں گا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں آج یہاں اپنے ان نوجوانوں میں موجود ہوں جو یقیناً ہمارے کل کے سٹار ہوں گے، انہی میں سے ضرور کوئی بابر اعظم بنے گا تو کوئی شعیب اختر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کرکٹ سمیت اپنے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے بھی کام کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ صحت مند معاشرے کے لیے کھیلوں کے میدانوں کا آباد ہونا انتہائی ضروری ہے، سیالوٹ کے عوام نے مجھے جتنی عزت بخشی میں سیالکوٹ کے باسیوں کا حق تو ادا نہیں کرسکتا لیکن صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے کھیلوں کے فروغ سمیت کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے جتنی بھی امداد یا سپورٹ مل سکتی ہوئی ضرور لیکر دوں گا اور ہر ممکن تعاون کروں گا۔

سیالکوٹ کی تاجر برادری کے قائد ریاض الدین شیخ، رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاءاللہ بٹ، سابق میئر چوہدری توحید اختراور صدر ضلع سیالکوٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ملک فیصل خورشید بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔

 

Community Verified icon