
راولپنڈی ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیر دفاع پرویز خٹک سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل ویندرا چندرا سری وجیگونارتنے نے وزارت دفاع میں ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی لچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کو دفاع کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے وزیر دفاع کو سری لنکا کے دورے کی دعوت دی۔ وزیر دفاع نے شکریہ ادا کیا اور ان کی دعوت پر سری لنکا کے دورے پر آمادگی ظاہر کی۔