
اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ منصوبے خطے میں انقلابی ترقی کا ضامن ہوںگے، پاکستان اور چین کو مغربی ریل روٹ ایم ایل ون اور ٹو پر ٹریک بہتر کرنے کے لئے تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو چین کے پاکستان میں سفیر یاو¿ جِنگ نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان جاری ریل منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے پر بات چیت کی گئی۔ پشاور-کراچی مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے کی ڈیزائن سٹڈی جلد مکمل کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ 1800کلو میٹر ریل ٹریک منصوبے پر تقریباً آٹھ ارب ڈالر لاگت آئیگی پانچ سال میں مکمل ہو گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خواہش ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان عمران خان کے آئندہ دورہ چین کے دوران ایم ایل ون منصوبے پر حتمی معاہدہ طے پاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کے لئے انتہائی اہم ہے، چینی شراکت داری کو دیگر ریل منصوبوں میں بھی ترجیح دیں گے۔ وزیر ریلوے نے چینی ریل کمپنیوں کو کوئٹہ، زاہدان اور تافتان (ایران) ریل لائن کی اپ گریڈیشن میں شراکت داری کی دعوت بھی دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کو مغربی ریل روٹ ایم ایل ون اور ٹو پر ٹریک ہہتر کرنے کے لئے تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔مغربی روٹ ریل منصوبوں کی جلد تکمیل سے ہمسایہ ممالک چین، افغانستان، ایران، اور سینٹرل ایشین ممالک میں ریل لنک قائم ہو جائیگا۔ گوادر پورٹ منصوبے خطے میں انقلابی ترقی کا ضامن ہوںگے۔ چینی سفیر یاو¿ جِنگ نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے روڈ اور ریل انفرا سٹرکچر کو تیزی سے ترقی دینا نا گزیر ہے۔اس سلسلے میں پاکستان ریلوے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔