کوئٹہ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر میڈیا سےگفتگوکرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہمارا عزم بلوچستان کو پولیو فری بنانا ہے، بلوچستان میں پولیو کے 20 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، پولیو ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں بہتری کی ضرورت ہے، جہاں جہاں خامیاں اس پر بھی کام کریں گے،علما ، اساتذہ، میڈیا اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر پولیو کے خلاف لڑیں گے،صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہمیں واٹر اینڈ سینیٹشن سسٹم کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، ہسپتالوں میں ادویات کی کمی پر قابو پانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جب سے وزیر صحت کا چارج سنبھالا ہے اس پر کام تیز کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات فراہم ہوں گی جبکہ ہسپتالوں میں کنٹرول روم قائم ہوں گے ، ادویات کی کمی کی شکایت پر کارروائی ہوگی۔
انہوں نےکہا کہ ہم محکمہ صحت میں بہت سی تبدیلیاں لانے جا رہے ہیں، تین ماہ میں محکمہ صحت میں بہتری دکھائی دے گی جبکہ 10 روز میں ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔