اسلام آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی) اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پانامہ پیپرز کے معاملے پر بہت شور مچایا مگر اب وہ سپریم کورٹ کے سامنے شواہد پیش کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں‘ تحریک انصاف کو وہی بات کرنی چاہیے جسے وہ ثابت کر سکے اور ایسی بات سے پرہیز کرنا چاہیے جس پر بعد میں اس کی جگ ہنسائی ہو‘ تحریک انصاف پانامہ پیپرز پر ثبوت کے بغیر محض سیاست کر رہی ہے‘ یہ پہلا موقع نہیں کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر رہی ہے‘ گزشتہ تین سالوں میں کئی اہم مواقع پر پارلیمنٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنا تحریک انصاف کی تاریخ رہی ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کے بچوں نے سپریم کورٹ میں اپنے جوابات داخل کرا دیئے ہیں۔ شریف خاندان کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اس سے قبل وزیراعظم محمد نواز شریف نے تجویز پیش کی تھی کہ پانامہ پیپرز کے معاملے پر ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو دستاویزات اور شواہد کی روشنی میں معاملے کی تحقیقات کریں مگر پی ٹی آئی نے اس سے انکار کردیا تھا کیونکہ انہیں علم تھا کہ کیس میں کوئی جان نہیں اور وہ سیاست کرنے کا موقع کھو بیٹھے ہیں۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن قطر کے شہزادے کے خط کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ خط سپریم کورٹ کی کارروائی کا حصہ بن چکا ہے۔ اگر کسی کو اس خط کے بارے میں کوئی شک ہے تو وہ معزز عدالت کے سامنے اس کی قانونی حیثیت کو چیلنج کر سکتا ہے۔