وزیر مملکت برائےآئی ٹی شزہ فاطمہ سے آذربائیجان کے سفیر کی ملاقات ، پاکستان اور آذربائیجان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Shaza Fatima
Shaza Fatima

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے سٹارٹ اپس کے تبادلہ سے پاکستان آذربائیجان کے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔آذربائیجان کے سفیر نے انہیں وزیر مملکت برائے آئی ٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ آذربائیجان کے سفیر کے ساتھ گفتگو میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے سٹارٹ اپس کے تبادلہ سے پاکستان آذربائیجان کے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی، پاکستان اور آذربائیجان کے نوجوانوں کے لئے مشترکہ آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا انعقاد بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے، پاکستان کے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں بڑا پوٹینشل ہے،آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں آذربائیجان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر ترقی طرف گامزن ہے، آذربائیجان پاکستان کے ساتھ آئی سی ٹی کے میدان میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔