وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گی

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھرجرمنی کے شہر برلن میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں 2018 اور 2021 کے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تحت پاکستان کی پیشرفت پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس ایف اے ٹی ایف کے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ (آئی سی آر جی) کی سفارشات کا جائزہ لے گا۔ وزیر مملکت حنا ربانی کھر پاکستان کی قومی ایف اے ٹی ایف رابطہ کمیٹی کی سربراہ بھی ہیں، وہ ایف اے ٹی ایف کے نئے اور سبکدوش ہونے والے صدور کے علاوہ ایگزیکٹو سیکرٹری اور رکن ممالک کے وفود کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گی جس میں وہ انہیں ایف اے ٹی ایف کے دونوں ایکشن پلانز کی تکمیل کے لیے پاکستان کی جانب سے کی گئی شاندار پیش رفت سے آگاہ کریں گی۔

وزیر مملکت پاکستان کی اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے اعلیٰ سطح کے سیاسی عزم کو اجاگر کریں گی۔

وزیر مملکت کی دورہ کے دوران پاکستان جرمنی دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں جرمنی کے حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔جرمنی 13 سے 17 جون تک برلن میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔