اسلام آباد ۔ 17 اگست(اے پی پی) وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ قومی نصاب کونسل نے کام شروع کردیا ہے‘ سندھ اس میں بطور مبصر شامل ہے‘ ہم بنیادی نصاب مل کر بنانا چاہتے ہیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ صلاح الدین کے سوال کے جواب میںوزیر مملکت نے بتایا کہ نصاب کا معاملہ اہم ہے، اس کو بھی صوبوں کو منتقل کردیا گیا تاہم ہم نے بین الصوبائی تعلیم کانفرنس کو فعال کیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبوں میں استعداد کا بھی فرق ہے، اگر تمام صوبے اپنا اپنا نصاب بنائیں گے تو ایسے کام اگر اچھے بھی ہوں گے تو ہو سکتا ہے کہ ان کے اثرات بہتر نہ ہوں۔ اس لئے یکساں نصاب کے لئے کام کر رہے ہیں، تمام صوبوں میں سے نیشنل کریکولم کونسل پر کسی نے اعتراض نہیں کیا، اس میں سندھ بطور مبصر شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ سب نے مل کر طے کیا ہے کہ بنیادی نصاب سب مل کر بنائیں، قومی نصاب کونسل نے کام شروع کردیا ہے، یہاں اتفاق رائے سے کام ہو رہا ہے۔ کئی اہم امور پر اتفاق بھی ہوگیا ہے۔ اس میں ماہرین تعلیم‘ دانشور شامل ہیں۔