اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ اس وقت عالمی معیشت کساد بازاری کا شکار ہے ۔بدھ کے روز اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام مارگلہ ڈائیلاگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ اس وقت عالمی معیشت کساد بازاری کا شکار ہے،اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور ہماری معیشت پر اس کے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کرنی ہے کہ اپنے شہریوں پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں۔ ڈاکٹر عائشہ غوث نے کہا کہ سیلاب سے بھی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے ، سیلاب کے موقع پرعالمی برادری نے پاکستان سے تعاون کیا جس پر اس کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ 80 کی دہائی سے آج تک 20 بار آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑاجس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہماری معیشت کو سہاروں کی ضرورت رہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم مشکل دور میں ضرور ہیں مگر جلد اس سے چھٹکارا حاصل کرلیں گے۔