وفاقی وزیر ڈاکٹر احسن اقبال کی وزیر برائے منصوبہ بندی و اقتصادی ترقی مصر ڈاکٹر ہالا السید سے ملاقات

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 500 سکالر شپس دیئے جائیں گے،احسن اقبال

شرم الشیخ ۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات ڈاکٹر احسن اقبال نے بدھ کو شرم الشیخ میں کاپ 27 کے موقع پر وزیر برائے منصوبہ بندی و اقتصادی ترقی مصر ڈاکٹر ہالا السید سے ملاقات کی ۔وفاقی وزیر نے اس امر کو سراہا کہ مصر نے کاپ 27 کے انعقاد کے لیے شاندار انتظامات کیے ہیں۔مصری وزیر نے کہا کہ مصر کی جانب سے منعقد کی جانے والی پچھلی کانفرنسوں کے مقابلے میں شرکاء کی تعداد کے حوالے سے یہ سب سے بڑی کانفرنس ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی خطرہ تیزی سے نئی حقیقت بن چکا ہے اور یہ شمال یا جنوب کیلئے ہی نہیں ہمارے لیے بھی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے واقعات ترقی پذیر ممالک کے لیے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عالمی سست روی کی وجہ سے شدید مالی بحران کے باعث مسائل پیدا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران سب سے بڑا المیہ یہ رہا ہے کہ سب سے زیادہ غریبوں کو نقصان پہنچا کیونکہ اس آفت سے سب سے زیادہ غریب علاقے متاثر ہوئے۔ مستقبل میں آفات کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے حکومت بحالی اور تعمیر نو کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔

دونوں وزراء نے ترقی پذیر دنیا کو درپیش مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ایسے مسائل کے حل کے لیے تجربات کو شیئر کرنے پر اتفاق کیا۔