وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا تفصیلی دورہ،آپریشنل تیاریوں اور پیشہ وارانہ تربیت کا جائزہ

محسن نقوی کا فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ، آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ

چارسدہ۔ 13 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے فورس کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ وارانہ تربیت کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ کے بیرون ملک سے آئے سٹیٹ گیسٹ کےلیے سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن ونگ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید و منظم فورس بنایا جا رہا ہے، غیر ملکی مہمانوں کو بین الاقوامی معیار کی سکیورٹی فراہم کرنا سپیشل پروٹیکشن ونگ کی ذمہ داری ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن ونگ کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اہلکاروں کی غیر ملکی انسٹرکٹر سے ٹریننگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور بیرون ملک بھی بھیجا جائے گا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تمام اہلکاروں کو فزیکل فٹنس،جدید اسلحہ کی تربیت اور ڈرائیونگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی قابلیت بڑھانے کے ساتھ اہلکاروں کو بین الاقومی زبانیں بھی سیکھائی جا رہی ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے جدید اینٹی رائٹ آلات خریدنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہم ہے، مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فیڈرل کانسٹیبلری کو ایک فعال فورس میں ڈھالا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرکس کا دورہ کیا اور زیر تربیت اہلکاروں سے کھانے، دیگر سہولتوں اور مسائل کے متعلق دریافت کیا۔ وزیر داخلہ نے بیرکس میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔ وزیر داخلہ کی بیرکس میں ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر میں جم اور سوئمنگ پول کی تعمیر بھی شروع کی جائے۔ دورے کے موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نذیر احمد گاڑا نے اہلکاروں کی تربیت کے بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ زیر تربیت اہلکاروں میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو نمائندگی حاصل ہے، تربیتی پروگرام میں پہلی دفعہ 35 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی او ایف سی, ڈپٹی کمشنر چارسدہ، ڈی پی او چارسدہ اور متعلقہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں