وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کی ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو

55

اسلام آباد ۔ 12ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے 100 دن کے پروگرام کے حوالے سے بھرپور طریقے سے کام کیا جا رہا ہے، ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جائے گی، 100 دن کے 32 نکات ہیں جس میں سب سے پہلے نیشنل سیکورٹی، ملکی استحکام، گڈ گورننس پہلی ترجیح ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا احساس محرومی دور کیا جائے گا، عملی اقدامات کر کے بلوچ بھائیوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا، میں خود بلوچ سرداروں سے ملاقاتیں کروں گا، ان کے پاس جاﺅں گا اور ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم اسلام کی بقاءاور دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا درس دیتا ہے، حق اور باطل میں فرق واضح کرتا ہے، مسلمانوں کو اختلافات کے خاتمے کے ساتھ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، محرم میں امن و امان کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماءسے ملاقاتیں کروں گا۔