
اسلام آباد ۔ 12 نومبر (اے پی پی)وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پولیس کیلئے جلد خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے، پولیس کی مراعات، سہولیات اور عزت میں اضافہ کیا جائے گا، کے پی کے طرز کی اصلاحات اسلام آباد پولیس میں بھی کی جائیں گی، پولیس ایکٹ پر کام کا آغاز کر دیا ہے، اسلام آباد پولیس کو مثالی بنایا جائے گا، شہداءکے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پیر کو پولیس کے شہدا کے لواحقین کو چیکس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداءکو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے، اﷲ تعالی سے دعا ہے کہ شہداءکے درجات بلند کرے۔ ان کے ورثاءاور اہل خانہ کے دکھ تکلیف اور کرب کا احساس ہے، پاکستانی ماو¿ں کا جذبہ قابل قدر ہے، بلوچستان میں ایک ماں کا ایک بیٹا شہید ہوا تو اس نے دوسرے کو فورس میں بھجوا دیا، وہ شہید ہوا تو تیسرے کو بھجوا دیا اور کہا کہ میرے دس بیٹے بھی ہوتے تو وطن کیلئے حاضر کر دیتی۔ پوری قوم کی طرف سے ایسی ماو¿ں بہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے اپنے بھائی کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہدا کے اہل خانہ کے دکھ درد کو سمجھتے اور محسوس کرسکتے ہیں