وزیر مملکت برائے داخلہ کا اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کا دورہ ، تعمیراتی پیش رفت ، سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا

وزیر مملکت برائے داخلہ کا اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کا دورہ ، تعمیراتی پیش رفت ، سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تمام حتمی کاموں، تعمیراتی پیش رفت اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر پولیس اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے انہیں جیل کے مختلف شعبوں، انکلوژرز، بیرکس انتظامی دفاتر اور کورٹ رومز پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر مملکت نے جیل کے مختلف بلاکس، بیرکس ، جدید باورچی خانے، اور کمرہ عدالت سمیت بیرونی چاردیواری اور واچ ٹاورز کے انتظامات کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فائنل فنشنگ کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور تمام سہولیات کو فعال بنایا جائے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ سالہا سال سے زیرِ التوا ماڈل جیل منصوبے کی تیز رفتار تکمیل موجودہ حکومت کی سنجیدگی اور ایک اہم پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی واضح ہدایات ہیں کہ منصوبے کے تمام تعمیراتی اور انتظامی کاموں کا معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کو بین الاقوامی و جدید تقاضوں کے مطابق معیاری اور بنیادی سہولیات سے مکمل آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ یہ ادارہ اصلاحی اصولوں کے عین مطابق فعال ہو۔

مزید خبریں