وزیر مملکت برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا روڈ سیفٹی پالیسی کے اجراءکے حوالہ سے تقریب سے خطاب

92

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ روڈ سیفٹی پالیسی کا اجراءعوام کی بہتری اور ان کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، موٹروے اور قومی شاہرات پر سفر کرنے والوں کو ڈرائیونگ کی بہترین تربیت اور قوانین سے آگاہی اور سڑک کے استعمال سے متعلق شعور دیا جائے گا، روڈ سیفٹی کا مضمون نصاب کا حصہ بنایا جائے گا، ڈرائیونگ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے عادی مرتکب ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو موٹروے اینڈ ہائی ویز پولیس کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی پالیسی کے اجراءکے حوالہ سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ نیشنل ٹرانپسورٹ ریسرچ سنٹر (این ٹی آر سی) کو سفری سہولیات اور شاہرات کی بہتری کیلئے اہداف دیئے گئے ہیں جنہیں وہ جلد مکمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر سی ہر سال گاڑیوں کی کم از کم ایک مرتبہ ویریفیکیشن یقینی بنائے گا، روڈ سیفٹی پالیس کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے یہ پالیسی ڈرائیور، گاڑی اور سڑک کے گرد گھومتی ہے، پالیسی کے تحت ایک ایکشن پلان بنایا جائے گا جس میں صوبوں کو شامل کیا جائے گا۔