اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل ملک میں صاف و سرسبز پاکستان پروگرام اور 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی افادیت کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے جلد کانفرنس کا اہتمام کرے گی۔ منگل کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ذاتی حیثیت میں خط ارسال کیا ہے جس میں ان سے معاشرے کے اس انتہائی اہم طبقے کو صفائی ستھرائی و ماحولیات کے تحفظ و فروغ کے پروگرام میں شامل کرنے کے لئے اقدام کی درخواست کی ہے،اس طرح عوام کو صاف و سرسبز پاکستان پروگرام کے بارے میں آگاہی حاصل ہو گی اور وہ اس حوالے سے مثبت کردار ادا کر سکیں گے۔ زرتاج گل نے کہا کہ ملک کے سرکاری اور نجی ادارے بشمول سول سوسائٹی وزیر اعظم کے صاف و سبز پاکستان پروگرام، 10 بلین ٹری سونامی اور ماحولیات کے تحفظ و ترقی کے لیے شروع کیے گئے دیگر پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے شعبے کی ترقی کے لئے اب وقت ہے کہ مذہبی طبقے کو بھی ان کوششوں کا حصہ بنایا جائے، اس سلسلے میں اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے علمائے کرام کی کانفرنس معاون و مفید ثابت ہو گی۔