وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا تقریب سے خطاب

109
APP17-27 ISLAMABAD: December 27 - Minister of State Ali Muhammad Khan addressing the participants of conference on the Role of Parliament in Protection of Human Rights and Justice. APP photo by Javed Qureshi

اسلام آباد ۔ 27 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہمارے نبی حضرت محمد نے 1400 سال قبل دنیا کا بہترین انسانی حقوق کا چارٹر دیا تھا، ہمیں ان کے چارٹر سے رہنمائی حاصل کرنی ہے، پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیں اور انہیں مستبقل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے خود کو تیار رکھنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں یوتھ پارلیمنٹ کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے تحفظ و انصاف میں پارلیمنٹ کے کردار کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہمیں انسانی حقوق کے کسی عالمی چارٹرز کے ذریعے زندگی گزارنے کی ضرورت نہیں، ہمارے پاس نبی پاک کا دیا ہوا انسانی حقوق کا بہترین میثاق موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی خاتم النبین نے انسانی حقوق کے تحفظ کی تعلیم ہمیں سکھائی، ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ کی تعلیمات پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں صرف نام ہی کے انسانی حقوق کے ادارے اور قوانین موجود ہیں وگرنہ آج کشمیر اور فلسطین میں انسانی جانوں کی ہولی نہ کھیلی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں طاقت ہی سب کچھ ہے، جس کے پاس طاقت ہے وہ دوسرے کو کچل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی بقاءمیں نظام انصاف بنیادی کردار ادا کرتا ہے، امریکہ ایک سپر پاور ہے، مگر اب وہ اپنی طاقت کی بلندی کو چھو کر زوال کی طرف جا رہا ہے، ایک طرف وہ دنیا بھر میں ظلم کرتا ہے مگر دوسری جانب اپنے ملک میں انصاف کو قائم رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ ہمارا روحانی اور پارلیمنٹ آئینی گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ وہ جگہ ہے جہاں سندھ کے کسی گوٹھ میں ہونے والی نا انصافی سے لے کر خیبرپختونخوا کے کسی دور دراز گاﺅں کے لوگوں کو درپیش مسائل پر آواز اٹھائی جا سکتی ہے۔ وزیر مملکت نے یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا آفس نوجوان کے لئے ہر وقت کھلا ہے۔ وہ کسی بھی وزارت کے حوالے سے جو بھی تجاویز لے کر آئیں گے ان پر سنجیدگی سے غور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر وہ ایک سائیکل والے کو بھی جوابدہ ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قلم اور کتاب سے اپنے رشتے کو مضبوط کرنے پر توجہ دیں اور پاکستان کو مستقبل کی سپر پاور بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانیاں صرف کریں۔