
اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی صدارت میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز، راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ، سی ڈی اے اور صحت کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں شہروں کی انتظامیہ کے سینئر حکام پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی گئی جو ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے گی اور ڈینگی کی روک تھام کیلئے مشترکہ اقدامات کرے گی۔ کمیٹی میں کیڈ، اسلام آباد میونسپل کارپوریشن اورسی ڈی اے ہیلتھ ونگ کے نمائندے بھی شامل کئے گئے۔ کمیٹی جڑواں شہروں میں ڈینگی کے لاروے کی تلفی، مرض کی تشخیص کے بعد علاقے میں سپرے کے انتظام، شہری اور دیہی ویسٹ اٹھانے کا مناسب اقدامات اور ڈینگی کے مریضوں کے مناسب علاج کا انتظام کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے پنجاب کا ڈینگی کنٹرول ماڈل سب سے کامیاب رہا ، جس کے تحت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈینگی سے بچاﺅ ممکن ہوا۔ دوسرے ممالک میں بھی اس طریقہ کار کو سراہا گیا۔