وزیر مملکت حنا ربانی کھر دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، ترجمان دفتر خارجہ

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر آج سے ناروے، سویڈن، ڈنمارک اور بیلجم کا سرکاری دورہ کریں گی

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے26 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور دولت مشترکہ کے24 اور 25 جون کو ہونے والے دو روزہ سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرنے کے لیے روانڈا کے دارالحکومت کیگالی کا سرکاری دورہ کریں گی۔

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر 23 جون کو دولت مشترکہ کے خارجہ امور کے وزراءکے اجلاس میں بھی شریک ہونگی۔ وزیر مملکت اجلاس کے موقع پر کئی عالمی رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ دولت مشترکہ کے 54 رکن ممالک کے رہنماء نوجوانوں سے متعلق مسائل، ٹیکنالوجی اور اختراعات اور مختلف عالمی چیلنجوں بشمول موسمیاتی تبدیلی، کورونا وبا کے بعد بحالی، معاشی بحران کے ساتھ ساتھ یورپ میںموجودہ تنازعات کے تناظر میں پر بات چیت کریں گے۔

وزیر مملکت اس اہم اجلاس کے ساتھ ساتھ دیگر ملاقاتوں میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گی۔ کورونا وباءکے باعث دولت مشترکہ کے اجلاس 2020 اور 2021 میں منعقد نہیں ہوسکے تھے۔ دولت مشترکہ کا آخری اجلاس 2018 میں لندن میں منعقد ہوا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان دولت مشترکہ کے 8 بانی ارکان میں سے ایک ہے اور وہ امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تنظیم اور رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑھا رہا ہے۔