وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی پریس کانفرنس

103
APP35-20 HYDERABAD: March 20 - Federal Minister for Water and Power, Khawaja Muhammad Asif addressing a press conference on 113th Pakistan-India Water Talks at Ministry Of Water And Power. APP

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کشن گنگا پاور پراجیکٹ پر ثالثی عدالت کے پاکستان کے حق میں فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان کمیشن کی سطح پر مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ مذاکرات نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے مفاد میں ہیں۔ بھارت کے ساتھ آبی تنازعہ سے متعلق عالمی بینک کے ساتھ تین روزہ مذاکرات 11 اپریل سے شروع ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں سے سندھ طاس معاہدے پر بات چیت کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔ یہ مذاکرات مارچ 2015ءسے تعطل کا شکار تھے ‘جب پاکستان کی جانب سے کشن گنگا اور رتلے پاور پراجیکٹ پر کمیشن کی سطح کے مذاکرات کو ناکام قرار دیتے ہوئے ثالثی کی طرف جانے کا عندیہ دیا گیا تھا۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 14 اور 15 جولائی 2016ءکو پاکستان کے سیکریٹری پانی و بجلی کے بھارتی ہم منصب سے نیو دہلی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد پاکستان نے ان دو تنازعات پر ثالثی کا راستہ اپنایا۔انھوں نے کہا کہ کشن گنگا پاور پراجیکٹ جس کو دریائے نیلم پر تعمیر کیا جا رہا ہے، پر ثالثی عدالت پاکستان کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے جس پر پاکستان عمل درآمد کا تقاضا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رتلے پاور پراجیکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس کے ڈیزائن پر بھی پاکستان کو تحفظات ہیں۔