لاہور۔8اگست (اے پی پی):وزیر ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے سیکرٹری اوقاف کے ہمراہ داتا دربار کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا،سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے تعمیراتی کاموں اور عرس انتظامات بارے بریفنگ دی،عرس سے قبل سکیورٹی،صفائی، بجلی سمیت دیگر انتظامی امور بارے آگاہ کیا گیا،اس موقع پر بلال یاسین نے سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر گلیوں اور مین شاہراہوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی،
انہوں نے کہا کہ سڑکوں و راستوں کی بندش میں مقامی لوگوں کی سفارشات کو مدنظر رکھا جائے، عرس مبارک کے ایام میں دودھ کی سبیل اور لنگر کی تقسیم والے مقامات پر انتظامی افسران کو تعینات کیا جائے، 13 اگست سے 3 روزہ عرس مبارک کی تقریب میں لاکھوں افراد کی آمد کے پیش نظر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے،اس موقع پر ایس پی سکیورٹی بلال احمد، اے سی سٹی رائے بابر، مینیجر داتا دربار شیخ جمیل اور علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔