وساکھی میلہ ، سکھ یاتری 13اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے،ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ

83
Matruka Waqf Amalak Board.
Matruka Waqf Amalak Board.

لاہور۔17مارچ (اے پی پی):متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے سکھ مذہب کے تہواروساکھی میلہ 2024کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،یاتری 13اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق وسا کھی میلہ کے حوالے سے چیئرمین بورڈ ارشد فرید خان گورودواروں میں تزئین و آرائش یاتریوں کی سیکورٹی،رہائش،ٹرانسپورٹ اورمیڈیکل سمیت دیگر انتظامات کا خود جائزہ لیں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد کے مطابق شرائنز برانچ نے پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کی مشاورت سے انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے،

وفاقی و صوبائی ادارے اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے انجام دیں گے تاکہ یاتریوں کی مہمان نوازی بہترین انداز میں کی جاسکے اوروہ حسین یادیں لیکر واپس جائیں جس سے پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔ترجمان کے مطابق بھارت سے یاتری 13اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے،وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی مرکزی تقریب 14اپریل کو گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہو گی جس میں مختلف سیاسی و مذہب رہنما شرکت کریں گے۔چیئرمین بورڈ کے احکامات کے مطابق یاتریوں کو بہترین سہولیات دی جائیں گی۔