لاہور۔7اپریل (اے پی پی):خالصہ جنم دن اور وساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری 13اپریل کو پاکستان آئیں گے ، متروکہ وقف املاک بورڈ کے اعلی حکام اور پردھان سمیت دیگر سکھ ر ہنما مہمانوں کا استقبال کریں گے۔
سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین بورڈ کی ہدایات اور پی ایس گی پی سی کی مشاورت سے سکھ یاتریو ں کی مہمان نوازی کے لیے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائی جائیں گئے۔ اس سلسلہ میں رہائش،ٹرانسپورٹ و دیگر سہولیات کے لیے تمام تر انتظامات مکمل اور انتظامی و سکیورٹی اداروں کا مکمل تعاون حاصل ہے۔
سیکرٹری نے کہاکہ اس ضمن میں بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہدکی زیر نگرانی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، شیڈول کے مطابق لاہور پہنچنے کے بعد یاتریوں کو بذریعہ سپیشل ٹرین حسن ابدال روانہ کر دیا جائے گا جہاں وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14اپریل بروز اتوار کو گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہو گی،15اپریل کو یاتری حسن ابدال سے ننکانہ صاحب پہنچیں گے جہاں پرقیام کے دوران سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کریں گے اور 18اپریل گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال جائیں گے، 20اپریل کو رہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کر کے لاہور پہنچیں گے اور ایک روز قیام کریں گے جبکہ 22اپریل کوسکھ یاتری اپنی 10روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔