24.2 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوسیع انشورنس کوریج اور جدید ریگولیٹری فریم ورک قومی ترقی کے لئے...

وسیع انشورنس کوریج اور جدید ریگولیٹری فریم ورک قومی ترقی کے لئے نہایت ضروری ہیں، وفاقی وزیر تجارت

- Advertisement -

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وسیع انشورنس کوریج اور جدید ریگولیٹری فریم ورک قومی ترقی کے لئے نہایت ضروری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارتِ تجارت کے انشورنس وِنگ اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے اشتراک سے منعقدہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت کوانشورنس آرڈیننس 2000 میں مجوزہ ترامیم پر پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان میں انشورنس کوریج خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں نہایت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کوریج کو بڑھانے کے لئے آگاہی، جدت اور ریگولیٹری نظام کی جدیدکاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس صرف ایک مالیاتی آلہ نہیں بلکہ افراد اور کاروباروں کے لئے حفاظتی ڈھال ہے،پاکستان کو شمولیتی معاشی ترقی کے لئے انشورنس کوریج بڑھانا ہو گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مجوزہ انشورنس آرڈیننس (ترمیمی) بل میں چار بڑے شعبوں میں اصلاحات شامل ہیں جن میں انشورنس مارکیٹ کو زیادہ مقابلے کے لئے کھولنا جس میں غیر ملکی انشورنس کمپنیوں اور ری انشوررز کا داخلہ، مائیکرو انشوررز اور ڈیجیٹل انشورنس کمپنیوں کی الگ شناخت اور پبلک سیکٹر کے رسک میں نجی شعبے کی شمولیت شامل ہے۔کاروباری آسانیوں،ٹیکنالوجی کے استعمال اور نئے انشورنس مصنوعات (جیسے انڈیکس بیسڈ انشورنس اور ڈیزاسٹر رسک کوریج) کو فروغ دینا۔بنیادی قانون کو آسان بنانا اور آپریشنل تفصیلات کو ریگولیشنز میں منتقل کرنا تاکہ فریم ورک زیادہ لچکدار اور اصولی بنیادوں پر قائم ہو۔ اس کے علاوہ ریگولیٹری نگرانی کو مضبوط بنانا جس میں رسک بیسڈ کیپٹل فریم ورک، بہتر گورننس اور ایس ای سی پی کے نفاذی اختیارات میں اضافہ شامل ہیں۔یہ ترامیم دیگر مالیاتی قوانین مثلاً کمپنیز ایکٹ 2017 اور فیڈرل امبودسمین انسٹی ٹیوشنل ریفارمز ایکٹ 2013 کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے بھی تجویز کی گئی ہیں تاکہ پاکستان کا انشورنس سیکٹر عالمی معیار کے مطابق ڈھل سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک مضبوط انشورنس مارکیٹ نہ صرف شہریوں اور کاروباروں کو تحفظ فراہم کرے گی بلکہ طویل مدتی بچت اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ دے گی جو پائیدار معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ایسا ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے جہاں انشورنس انڈسٹری جدیدیت اختیار کرے، اپنی رسائی بڑھائے اور پاکستان کی معیشت میں بھرپور کردار ادا کرے ۔

- Advertisement -

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں