وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں پر پوری قوم کو فخر ہے، پارلیمان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج سمیت تمام اداروں کے سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے، پارلیمان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں پاک فوج کے قافلے پر حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے جبکہ ایوان میں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں افواج پاکستان کے بہادر اور غیور جوانوں کو شہید کیا گیا، قوم اپنے ان سپوتوں پر ناز کرتی ہے جو وطن کے دفاع اور روایات کے ساتھ ساتھ دشمنوں کے خلاف سینہ سپر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افواج سمیت ہر پاکستانی وطن کے دفاع اور حرمت پر کٹ تو سکتا ہے لیکن وطن کے دفاع پر آنچ نہیں آنے دے گا، ہمیں اپنے شہداء پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمان اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ اپنی افواج اور شہداء کے خاندانوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا اور افواج پاکستان کے ساتھ یہ پارلیمان شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سپیکر کے کہنے پر مولانا عبدالاکبر چترالی نے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرائی۔