چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ہر شہری کو مذہب، عقیدے یا پس منظر سے بالاتر ہو کر مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور انصاف تک یکساں رسائی کی ضمانت دیتا ہے اور وفاقی آئینی عدالت آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کے تحفظ و نفاذ کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔
وفاقی آئینی عدالت آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کے تحفظ و نفاذ کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی ، چیف جسٹس امین الدین خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ہر شہری کو مذہب، عقیدے یا پس منظر سے بالاتر ہو کر مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور انصاف تک یکساں رسائی کی ضمانت دیتا ہے اور وفاقی آئینی عدالت آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کے تحفظ و نفاذ کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔
شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی یوم انصاف کے موقع پر پاکستان کی مذہبی اقلیتی برادریوں کے 13 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے وفاقی آئینی عدالت پاکستان کا دورہ کیا۔ ملاقات میں جسٹس باقر علی نجفی اور رجسٹرار محمد حفیظ اللہ خان بھی موجود تھے۔امپلی منٹیشن مینارٹی رائٹس فورم (آئی ایم آر ایف) کی درخواست پر ہونے والے اس دورے میں سیموئیل پیارا کی قیادت میں مسیحی، سکھ، ہندو، سنتن دھرم، بہائی اور کیلاش برادریوں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ملاقات کے دوران آئینی اداروں کے کردار، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کے اراکین نے عدلیہ پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئینی حقوق کے تحفظ میں وفاقی آئینی عدالت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی یوم انصاف کے موقع پر اس نوعیت کا تعمیری مکالمہ قومی یکجہتی، باہمی احترام اور شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ملاقات کے اختتام پر وفد کے اراکین کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ بعد ازاں گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔ وفاقی آئینی عدالت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ موثر رابطے اور بامقصد مکالمے کے فروغ کے ذریعے آئینی شعور، انصاف، مساوات اور قانون کی حکمرانی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔








