پی ڈی ایم اے کا مون سون کے دوسرے سپیل کا الرٹ، 19 سے 23 جولائی تک تیز بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے19 سے23 جولائی تک بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں،گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے19 سے23 جولائی تک بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں،گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں20 سے 24 جولائی تک بارش متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مقامی ندی نالوں، نالہ لئی، کشمیر، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریائوں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی میں اضافے کے خدشات ہیں،برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کوبھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔