اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت میں الیکشن ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کے خلاف دائر اپیل پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے منگل کو کیس کی کارروائی کی۔سماعت کے دوران وکیل سمیر کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ بینچ کے سربراہ جسٹس عامر فاروق بطور ہائیکورٹ جج اسی نوعیت کی ابتدائی درخواست پر پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں، لہٰذا …
وفاقی آئینی عدالت / الیکشن ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کیس،ریٹائرڈ ججز کی تقرری کے خلاف اپیل،سماعت ملتوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت میں الیکشن ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کے خلاف دائر اپیل پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے منگل کو کیس کی کارروائی کی۔سماعت کے دوران وکیل سمیر کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ بینچ کے سربراہ جسٹس عامر فاروق بطور ہائیکورٹ جج اسی نوعیت کی ابتدائی درخواست پر پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں، لہٰذا بینچ کی اہلیت کا سوال سب سے پہلے اٹھتا ہے۔ اس پر جسٹس باقر نجفی نے استفسار کیا کہ "کیا انٹرا کورٹ اپیل قابلِ سماعت ہے؟جسٹس عامر فاروق نے واضح کیا کہ وکیل جن درخواستوں کا حوالہ دے رہے ہیں،
ان پر تو اعتراضات لگے تھے، جبکہ موجودہ درخواست گزار کی کسی بھی درخواست پر انہوں نے کوئی فیصلہ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی اور مقدمے میں فیصلہ دیا تھا تو اس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔وکیل سمیر کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اپنے موکل کو آئینی عدالت کی آزادی اور تقاضوں کے حوالے سے متنبہ کیا ہے اور درخواست کی کہ موکل سے ہدایات لینے کے لیے وقت دیا جائے کہ آیا وہ آئینی عدالت کے سامنے پیش ہوں یا نہیں۔عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔








