
اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ (پارٹ ٹو)کے نتائج کااعلان کردیا ہے۔مجموعی کامیابی کا تناسب 74.3فیصد رہا ۔ امتحانات میں حصہ لینے والے 45247 ریگولر طلباءمیں سے 36431 پاس ہوئے ۔ کامیابی کا تناسب 80.52فیصدرہا۔ اس طرح امتحانات میں حصہ میں لینے والے 12785پرائیویٹ طلباءمیں سے 6703طلباءپاس ہوئے کامیابی کا تناسب 52.43 فیصد رہا۔ ان نتائج کا اعلان ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا۔وزیر مملکت بلیغ الرحمٰن نے اس موقع پر تمام پوزیشن ہولڈرز طلباءو طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔وزیر مملکت وفاقی تعلیم و تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمٰن تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ راولپنڈی کینٹ سے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار اور وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹر اکرام ملک بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ بدھ کو اعلان کئے جانیوالے نتائج کے مطابق حمزہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج راولپنڈی کی طالبہ عتیقہ ہاشمی نے 1049 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی ، فوجی فاﺅنڈیشن کالج نیولالہ زار راولپنڈی کی طالبہ عائشہ اسلم نے 1047اورآرمی پبلک سکول اینڈ کالج برائے خواتین رینج روڈ ویسٹریج تھری راولپنڈی رومیشہ مریم نے 1047 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی اور حمزہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج راولپنڈی کی طالبہ فضہ ایاز نے 1046نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تمام طالبات کا تعلق پری میڈیکل گروپ سے ہے۔