اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہفتہ وار ہم نصابی سرگرمیوں کے تیسرےروز ملی نغموں کامقابلہ ہواجس میں فیڈرل بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقر یب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا اور نعت شریف پیش کی گئی۔ڈائریکٹر ریسرچ مرزا علی نے طلباء و طالبات کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خیالات کااظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ مقابلے کی کسی بھی صِنف میں حصہ لیں ان سب سے آپ کی شخصیت میں انفرادی طور پر نکھار آتا ہے اور یہ سیکھنا بہت ضروری ہے کہ آپ لوگوں سے بات چیت کرتےہوئےاپنی جذباتی اور احساساتی ذہانت کوکیسے استعمال کرتے ہیں۔ اس کےعلاوہ خودشناسی بہت اہم ہے کیونکہ آپ اپنے جذبات سے آگاہ ہوں گےتو ہی آپ دوسروں کے سامنے درست الفاظ کاچناؤ کرسکتے ہیں اور ہرطرح کی صورتحال پر قابو پاسکتےہیں،زندگی میں وہ لوگ زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنے جذبات قابو میں رکھنا جانتےہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب بچے اپنے اپنے ڈائریکٹوریٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں اورآپ سب کی شمولیت ہمارے لئے بہت خاص ہے۔ میٹرک کی سطح کے مقابلوں میں شہریار ناصر ایف جی پبلک سکول محفوظ روڈ، راولپنڈی کینٹ نے پہلی،مہلیکا نور شیخ امالہ فائونڈیشن سکول اینڈ کالج، مصریال روڈ، راولپنڈی نے دوسری اورحبا نور فوجی فائونڈیشن کالج برائے طالبات نیو لالہ زار، راولپنڈی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اسی طرح انٹرمیڈیٹ سطح کے مقابلوں میں طلحہ بن طاہر عسکریہ سکول اینڈ کالج ، لالہ رخ، واہ کینٹ نے پہلی، مشال فاطمہ عسکریہ سکول اینڈ کالج برائے طالبات صدر راولپنڈی نے دوسری اورمومن عباسی اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری اسلام آباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر ممبر بورڈ آف گورنرز سکینہ فواد بخاری نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے ۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو جذبہ اورجوش و خروش ہماری قوم میں ہے بچوں نے اسی جوش و خروش سے ملی نغمے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی صلاحیتیں ابھارنے میں فیڈرل بورڈ اپنا کردار بخوبی نبھا رہا ہے۔