وفاقی جواِئنٹ سیکرٹری انڈسٹریز ایک روزہ دورے پر لیڈا ضلع حب پہنچ گئے

135
Malik Aman
Malik Aman

حب۔ 11 دسمبر (اے پی پی):وفاقی جواِئنٹ سیکرٹری انڈسٹریز و پروڈکشن ملک امان ایک روزہ دورے پر لیڈا ضلع حب پہنچے ، لیڈا آفس حب آمد پر وفاقی جوائنٹ سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ملک امان کا ایم ڈی لیڈا حب (ر) میجر الیاس کبزئی اور دیگر افسران نے انکا استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی جواِئنٹ سیکرٹری انڈسٹریز و پروڈکشن ملک امان نے حب اسپیشل اکنامک زون میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایم ڈی لیڈا حب نے وفاقی جوائنٹ سیکرٹری انڈسٹریز کو بریفنگ میں بتایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے تین بلین کی لاگت سے اسپیشل اکنامک زون میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کا کام تیزی سے جاری ہے، سی پیک کے بینر تلے قائم ہونے والا اسپیشل اکنامک زون ضلع حب صوبہ بلوچستان اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

ایم ڈی لیڈا حب نے کہا کہ صوبے کے وسائل ترقی اور سرمایہ کاری کےفروغ میں لیڈا حب کا اہم رول ہے ۔ اس موقع پر وفاقی جوائنٹ سیکرٹری انڈسٹریز پروڈکشن ملک امان نے کہا کہ تین بلین کی لاگت کا ضلع حب اسپیشل اکنامک زون منصوبہ صنعتی ترقی کو فروغ دیگا ۔ ایم ڈی لیڈا حب (ر) میجر الیاس کبزئی نے بریفنگ میں جوائنٹ سیکرٹری انڈسٹریز کو پراجیکٹ کے حوالے سے بتایا کہ لیڈا حب اسپیشل اکنامک زون کی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کی بنیادی سہولیات فراہمی پر کام کررہی ہے موجودہ حکومت معاشرے کی ہمہ جہت ترقی کیساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ حب اسپیشل اکنامک زون منصوبہ صنعتکاری کے فروغ سے 15ہزار براہ راست اور 75 ہزار بالواسطہ ملازمتوں کے فراہمی کا ذریعہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ لیڈا حب کے انڈسٹریل زون فیز ٹو میں جاری روڈنیٹ ورک 14.06 کلومیٹر، فزیکل پروگریس 57 فیصد اور 12.87 کلومیٹر سیوریج نیٹ ورک 257 ملین لاگت کا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیشل اکنامک زون کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 244 ملین لاگت کے واٹرلائن منصوبے پر کام جاری ہے۔ ایم ڈی لیڈا نے بتایا کہ مارچ 2025 تک ترقیاتی منصوبے مکمل ہونا شروع ہونگے ، مجموعی طور پر ڈسٹرکٹ حب اسپیشل اکنامک زون منصوبوں کو جون 2026 تک مکمل ہونا ہے ۔ بریفنگ میں لیڈا حب افسران جس میں ڈائریکٹر فنانس شفیق قاسمی، ڈائریکٹر پلاننگ شکراللہ، اسٹیٹ افسر انڈسٹریز و جی ایم سیز خالد میر، سنئیر ڈائریکٹر لیڈا حب مہتاب، ایکسئن زبیر ٹیکنیکل ڈائریکٹر لاء ، لیڈا الیکڑک ایکسئن انور علی مگسی، کنسلٹنٹ فرم کے ریزیڈیشنل انجینئر محمد عامر اور کوآرڈینیٹر HA کنسلٹنگ بھی شریک ہوئے ۔

قبل ازیں وفاقی جواِئنٹ سیکرٹری انڈسٹریز وپروڈکشن ملک امان کو حب اسپیشل اکنامک زون میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے جاری منصوبوں کے متعلق سائٹ پرمنعقدہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 406 ایکڑ پر لیڈا حب اسپیشل اکنامک زون میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ 57 فیصد فزیکل پروگریس ہوچکی ہے ، تین لاکھ گیلن کا واٹر اسٹوریج ٹینک مکمل ہوچکا ہے ۔ سیوریج لائن اور واٹر سپلائی لائن مارچ 2025 تک مکمل ہوگی۔ ریزیڈیشنل انجینئر کنسلٹنٹ فرم محمد عامر اور ایکسئن لیڈا حب زبیر کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر وفاقی جوائنٹ سیکرٹری انڈسٹریز ہروڈکشن نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور کوالٹی پراطمینان کا اظہار کیا۔