اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی، صوبہ بلوچستان میں سی پیک منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعظم کو بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں سی پیک منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔