وفاقی حکومت خیبر پختونخوا حکومت کو بیرونی تعاون سے جاری منصوبوں کی تکمیل میں مدداورمعاونت فراہم کرےگی ، وفاقی وزیرعمرایوب خان

58

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان نے کہاہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی حکومت کو بیرونی تعاون سے جاری منصوبوں کی تکمیل میں مدداورمعاونت فراہم کرےگی ۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں خیبر پختونخوامیں بیرونی تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں خیبر پختونخواکے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، سیکرٹری اقتصادی امورنوراحمد، ایڈیشنل سیکرٹری خیبرپختونخوا اورسینئرافسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں اور پبلک سرمایہ کاری کو بڑھانے پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر عمر ایوب نے صوبہ میں بیرونی تعاون سے جاری منصوبوں میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا ۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں زرعی و آبپاشی منصوبوں اور غذائی تحفظ کو بہتر بنانے پر زور دینا ہو گا کیونکہ ایسے منصوبوں سے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں میں ویسٹ مینجمنٹ، آبی نکاس اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچہ ر کے منصوبوں کو ترجیح دیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ خیبر پختونخواکی حکومت کو بیرون تعاون سے جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے وفاق مدد کرے گا ۔