وفاقی حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کر رہی ہے،گورنر پنجاب

98
وفاقی حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کر رہی ہے،گورنر پنجاب

ملتان۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے کافی حد تک نکل آیا ہے،وفاقی حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کر رہی ہے،ایماندار اور محنتی قیادت پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لیے بہت محنت کررہی ہے،ملکی ترقی کیلئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے جمعہ کو یہاں ملتان میں محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان ،ڈی ایچ اے ملتان اور مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام تین روزہ مینگو فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس دوران گورنر پنجاب نے مینگوسٹالز کا وزٹ کیا اور آموں کی مختلف اقسام کو دلچسپی سے دیکھا۔

وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی راؤ آصف علی نے گورنر پنجاب کو آموں کی مختلف اقسام سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اس مینگو فیسٹیول میں شریک ہوں،مینگو فیسٹیول سے آم کی مارکیٹنگ میں مدد ملے گی،محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی، ڈی ایچ اے، مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے مینگو فیسٹیول کا انعقاد احسن اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت کا انحصار زراعت اور صنعت پر ہوتا ہے،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت ساری نعمتوں سے نوازا ہے،جنوبی پنجاب کی زراعت آم کو خصوصی اہمیت حاصل ہے،آم کی پیداوار میں اضافہ اوراسکی برآمد کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے،آم کی مارکیٹنگ کو بہتر انداز میں کیا جائے گا،تحقیق کو فروغ دے آم کی پیداوار کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے، ہمیں آم کو محفوظ کرنے کی ٹیکنالوجی کو مزید بہتر کرنا ہوگا،زراعت کو ترقی کو دیکر ملکی معاشی ترقی سمیت کثیر زرمبادلہ بھی کمایا جاسکتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ میں نے کئی ممالک کے آم کھائے لیکن پاکستان کے آم کے ذائقے کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہماری ایکسپورٹس بڑھانے کی ساتھ ساتھ معاشرے میں مٹھاس بڑھانے کی بھی ضرورت ہے، ہمارے نوجوانوں میں آج نفرت پھیلائی جارہی ہے،نفرت پھیلانے والوں نے ہمارے ملک کو ناتلافی نقصان پہنچایا، آج شہدا کی نشانیاں بھی محفوظ نہیں رہیں،ہمیں نفرتیں ختم کرکے معاشرے میں محبت کو بڑھانا ہوگا۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں جنوبی پنجاب میں تعلیم پر بہت کام ہواجنوبی پنجاب میں نئی یونیورسٹیاں بنائی گئیں، آج ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کی یونیورسٹیوں میں زراعت پر تحقیق جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 ء میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بننے جارہا تھا ،2022 میں ہم 44 ویں نمبر کی معیشت پر چلے گئے،موجودہ وفاقی حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کر رہی ہے،ایماندار اور محنتی قیادت پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لیے بہت محنت کررہی ہے،آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی ہے،ڈالر اب گراوٹ کی طرف گامزن ہے،پاکستان معاشی بحران سے کافی حد تک نکل آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں،رواں سال گندم کی فصل بہت اچھی ہوئی ہے، حکومت نے بروقت گندم کی امدادی قیمت مقرر کی، جس سے کاشتکاروں کو فائدہ ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر شعیب کیانی، ڈائریکٹر مینگو ریسرچ سنٹر عبدالغفار گریوال، وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔