وفاقی حکومت نےمنسوخ شدہ پرائز بانڈز کو نقد کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی

State Bank
State Bank

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نےمنسوخ شدہ پرائز بانڈز کو نقد کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ /نقد کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے ان کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی ہے۔ قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ مقرر کی تھی ، تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اس کے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع کر دی گئی ۔

مذکورہ پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں نقد کرانے یا تبادلے کے لیے درج ذیل آپشنز دیئے ہیں ان میں ظاہری مالیت پر نقد کرانا، ان بانڈز کی 25,000 روپے اور /یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی، انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنا شامل ہیں۔ ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023ء تک کیا جا سکتا ہے۔

سٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ان بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کا 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گااور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔