وفاقی حکومت کا آئندہ مالی سال کے لئے 1837 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ

اسلام آباد ۔ 10 جون (اے پی پی) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2019-20ء کے لئے 1837 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ لگایا ہے جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت صوبوں کا حصہ 912ارب روپے جبکہ وفاق کے زیر انتظام سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 925ارب روپے مختص کئے جائیں گے، پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت 250ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگراموں میں حکومت اعلیٰ تعلیم، پانی کے سیکٹر میں بھاشا اور داسو ڈیم، سی پیک کے تحت منصوبوں میں خصوصی اقتصادی زونز، سوشل اکنامک ڈویلپمنٹ کی ترقی، زراعت کے شعبے کی بہتری سمیت مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کرے گی۔ توانائی سیکٹر میں جنریشن کی استعداد میں اضافہ، سپلائی ڈیمانڈ کی برابری، ٹرانسمیشن لائنز پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اعلیٰ تعلیم کے بجٹ کو بھی بڑھایا جائے گا تاکہ تعلیم کا معیار بہتر بنایا جاسکے۔