وفاقی حکومت کا شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھارہ کہو اور کورال سے پمز تک عارضی بنیادوں پر میٹرو بسیں چلانے کا فیصلہ

134

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے عارضی بنیادوں پر میٹرو بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، بھارہ کہو سے پمز اور کورال سے پمز تک پندرہ بسیں عارضی بنیادوں پر ایک دو روز تک چلائی جائیں گی۔ سی ڈی اے میٹرو بس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر قاضی عمر نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومت نے شہریوں کو ہنگامی بنیادوں پر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے میٹرو بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میٹرو بسیں بھارہ کہو سے سری نگر ہائی وے سے ایکسپریس وے سے ہوتی ہوئی پمز تک جائے گی اور اس روٹ پر پانچ بسیں چلائی جائیں گی جبکہ کورال سے اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر پمز تک دس میٹرو بسیں عارضی بنیادوں پر چلائی جائیں۔ یہ میٹرو بسیں ایک دو روز تک شروع کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کیلئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے تاہم اس منصوبے پر ابھی کچھ وقت لگے گا ۔

اس منصوبے کیلئے فزیبلٹی آئندہ چھ ماہ تک تیار ہو جائے گی تاہم حکومت نے شہریوں کو سفری سہولت اور بہتری کیلئے عارضی بنیادوں پر میٹرو بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے روزانہ اسلام آباد آنے والے شہریوں کو سہولت مسیر آئے گی اور وہ گرمی کے اس موسم میں پر تعیش میٹرو بسوں میں سفر کر سکیں گی جن میں اے سی کی سہولت موجود ہوگی۔