اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریبات اور حضرت بری امام (ر ح) کے عرس کی وجہ سے مختلف مقامات پر ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے بدھ کو جاری ٹریفک ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فیصل مسجد کی پارکنگ مکمل بھر جانے کی وجہ سے فیصل ایو نیو اور مری سے سیاحوں کی واپسی کی وجہ سے مری روڈ پر ٹریفک کا دباؤ کافی زیادہ ہے ۔ اسی طرح لیک ویو پر شہریوں کی کثیر تعداد میں آمد کی وجہ سے مری روڈکے اس حصہ پر اور دامنِ کوہ کی جانب سیاحوں کی آمد کی وجہ سے دامنِ کو ہ چوک اور مارگلہ روڈ پر ٹریفک کا بہت زیادہ رش ہے۔
حضرت بری امام (ر ح) کے عرس کی وجہ سے بڑی تعداد میں زائرین دربار کی جانب گامزن ہیں جس کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدائت کی گئی ہے کہ ایف نائن پارک پہنچنے کے لیے نائنتھ ایونیو اور ایف ٹین ،فیصل ایونیو کا راستہ اختیار کریں جبکہ دامن کوہ چوک اور لیک ویو کی جانب غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور راہنمائی کے لیئے سڑکوں پر موجود ہیں،ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور ٹریفک پولیس افسران کی ہدایات پر عمل کریں ۔