اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ آپریشن کی نگرانی ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں ڈپلومیٹک انکلیو سے متصل پرانی مسلم کالونی میں 712 کنال قیمتی سرکاری اراضی غیر …
وفاقی دارالحکومت سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، سی ڈی اے
اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ آپریشن کی نگرانی ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں ڈپلومیٹک انکلیو سے متصل پرانی مسلم کالونی میں 712 کنال قیمتی سرکاری اراضی غیر قانونی قابضین سے واگزار کرانے کے بعد اگلے مرحلے میں نور پور شاہان کے علاقے میں غیر قانونی قابضین کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا جاچکا ہے۔
اسی طرح سی ڈی اے کے مختلف شعبے بھی اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس ضمن میں پلاننگ ونگ کے شعبہ لینڈ سروے اور جیو سپیشل ونگ کے عملے کو بھی موقع پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ آپریشن کو احسن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔ تجاوزات کے خلاف جا ری اس آپریشن میں سی ڈی اے کو اسلام آباد ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی بھر پور معاونت بھی حاصل ہے ۔اس مرحلے میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے اور سرکاری اراضی واگزار کروانے کیلئے قانون کے مطابق نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
اسی طرح بلٹ اپ پراپرٹیز (بی یو پی)، لینڈ کی تقسیم ، دیگر جائز مسائل کے حل کرنے کے لئےایک کیمپ آفس قائم کیا گیا ہے۔ اس کیمپ آفس میں پلاننگ ونگ، لینڈ ڈائریکٹوریٹ اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے افسران موجود ہیں تاکہ علاقے کے رہائشیوں کو مقامی سطح پر تمام سہولیات کی فراہم کو یقینی بنایا جاسکے۔چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے آپریشن کے دوران شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی پر عزم ہے۔
سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے ختم کئے جانے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی قبضہ سازی میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔اس ضمن میں سی ڈی اے سرکاری اراضی کے مکمل تحفظ اور اسلام آباد کی منظم منصوبہ بندی و ترقی کے مفاد میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کی دوبارہ تصدیق کرتی ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے اس ضمن میں غیر قانونی قابضین سے اب تک اربوں کھربوں روپے کی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔









