اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا نے کی 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغازپیر سے ہو گیا ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ عثمان اشرف نے پولیو مہم کے ٹیموں کے ہمراہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ عثمان اشرف کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے دائرہ اختیار کے حامل مختلف علاقوں میں ٹیموں کا دورہ کر رہے ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ عثمان اشرف نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم( آج) پیر سے 7روز تک جاری رہے گی جس میں پانچ سال سے کم بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کو پورا کرنے کےلئے پولیو ورکرز، پولیو ٹیمز کے علاوہ دیگر عملہ گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلا رہے ہیں۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ عثمان اشرف نے والدین سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلائیں اور پولیو سے محفوظ پاکستان بنائیں۔