وفاقی دارالحکومت کے2 لاکھ 47 ہزار سے زیادہ شہریوں کو کووڈـ19 ویکسین لگ چکی ہے،وزارت قومی صحت

61
Ministry of Health.
Ministry of Health.

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے2 لاکھ 47 ہزار سے زیادہ شہریوں کوکووڈ۔ـ19 ویکسی نیشن مراکز سے ویکسین لگ چکی ہے۔ وزارت قومی صحت کے حکام کے مطابق دارالحکومت میں ویکسی نیشن کی تعداد بڑھانے کے لئے ایف۔ 9 پارک میں ایک بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے جس میں روزانہ 7 ہزار شہریوں کو 75 کاؤنٹر کے ذریعے کووڈ۔ 19 سے بچاو کے لئے ویکسی نیشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 100 تربیت یافتہ ویکسینرز فرائض پر موجود رہیں گے اور اس سنٹر میں شہریوں کو معیاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ کووڈ۔ 19 کے خلاف ویکسی نیشن کے لئے مراکز میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ویکسی نیشن سنٹر آئیں اور کورونا وائرس سے بچائوکی ویکسین لگوائیں۔

ہم جلد سے جلد تمام پابندیوں کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں جن میں تعلیمی اداروں اور بازاروں کا کھلنا بھی شامل ہے تاہم اس کا انحصار ملک میں زیادہ سے زیادہ آبادی کی ویکسی نیشن پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی متعدد معاملات کے باوجود ضلعی انتظامیہ ، نیشنل کمانڈ اور آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی ٹیم اور پولیس کی جانب سے اس وائرس پر قابو پانے کی مخلصانہ کائوشوں کی وجہ سے پاکستان بہتر حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اب بھی ایسے اقدامات کی ضرورت ہے

کیونکہ ملک بھر میں 4500 مریض آکسیجن پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں تاجروں کی تنظیموں، منڈیوں کی تنظیموں اور علمائے کرام کے تعاون سے ایک وسیع پیمانے پر آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے نوجوان بھی ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لئے اس مہم میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے آزاد بنانے کے لئے دارالحکومت کے رکن قومی اسمبلی ذاتی طور پر اس بڑے پیمانے پر مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملک کے ہر شہر کو ویکسین کی فراہمی وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین کی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہم ویکسینیشن سے اچھے نتائج حاصل کر رہے ہیں۔