وفاقی سٹیئرنگ کمیٹی کا وفاقی دارالحکومت میں سکول سے باہر بچوں کی تعلیم کے لئے تیز رفتار داخلہ مہم، بہتر حاضری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):وفاقی سٹیئرنگ کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت (آئی سی ٹی) میں سکول سے باہر بچوں کی تعلیم کے لئے تیز رفتار داخلہ مہم، بہتر حاضری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس بات کا اعادہ منگل کو وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت میں منعقدہ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم …

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):وفاقی سٹیئرنگ کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت (آئی سی ٹی) میں سکول سے باہر بچوں کی تعلیم کے لئے تیز رفتار داخلہ مہم، بہتر حاضری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس بات کا اعادہ منگل کو وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت میں منعقدہ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے کی۔ اجلاس میں وفاقی ایکشن پلان برائے او او ایس سی 30-2025 پر عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔اجلاس میں فوری نفاذ کے پیکیج کا جائزہ لیا گیا جس میں جی آئی ایس کی بنیاد پر ہاٹ سپاٹ میپنگ، شہری و دیہی یونین کونسلوں کی سطح پر گھر گھر سروے، 125 (سابقہ 36) یونین کونسلوں کے لئے مائیکرو پلاننگ اور نیشنل فیڈرل ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (این ایف ای ایم آئی ایس) کے لائیو ڈیش بورڈ میں انضمام شامل ہے تاکہ حقیقی وقت میں پیشرفت کی نگرانی اور سہ ماہی جائزے کو یقینی بنایا جا سکے۔

کمیٹی میں تعلیم اور سماجی شعبوں کے اہم شراکت داروں کی نمائندگی شامل ہے جن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، وزارتِ قومی صحت خدمات، ضوابط و رابطہ، وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ اور ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے نمائندگان شامل تھے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں اور نجی تعلیمی ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں ترقیاتی شراکت دار اداروں جن میں یونیسف، جائیکا اور یونیسکو شامل ہیں، نے بھی شرکت کی اور تکنیکی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔حکومت کی جانب سے اعلان کردہ تعلیمی ایمرجنسی کے تحت داخلہ مہم ’’نو چائلڈ لیفٹ بی ہائنڈ‘‘ کا باضابطہ اعلان بدھ کو وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کریں گے۔ مہم کا مقصد اسلام آباد میں سکول سے باہر تمام بچوں کو جلد از جلد تعلیمی نظام میں شامل کرنا اور ان کی مستقل حاضری کو یقینی بنانا ہے۔