وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل نے لوک ورثہ میں اسلامی فن خطاطی کی نمائش کا افتتاح کردیا

185

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل نے لوک ورثہ میں اسلامی فن خطاطی کی نمائش کا افتتاح کیا۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباءاور اساتذہ نے شرکت کی جبکہ طلباءنے نعتیہ کلام بھی پیش کیے۔ وفاقی سیکرٹری شفقت جلیل نے نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطاطی اسلامی فنون میں بہت اہمیت کی حامل ہے، خطاطی ایسا فن ہے جو قرآن سے ہمارے رشتے اور عقیدت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے جو آج یہاں موجود ہیں وہ بھی اپنے فنون میں دلچسپی لیں۔ اس نمائش میں معروف خطاط آفتاب احمد خان کے بہت خوبصورت فن پارے رکھے گیے ہیں، خطاطی ایک قدیم فن ہے جس کا رشتہ اسلام اور قرآن پاک سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ کو اس کے انعقاد پر مبارک دیتا ہوں، لوک ورثہ میں خطاط آفتاب احمد خان کے خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ لوک ورثہ میں رمضان کے مہینے کی مناسبت سے ماہر آرٹسٹ اور خطاط آفتاب احمد خان کے خطاطی کے فن پاروں کی نمائش منعقد کی۔ نمائش کا مقصد خطاطی کے روایتی فن کو فروغ دینا ہے اور اس صدیوں پرانے فن سے وابستہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹج لوک ورثہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی نمائش میں آرٹسٹ کی خطاطی کے منفرد نمونے رکھے گئے ہیں جن میں انہوں نے انتہائی مہارت اور محنت سے کام کیا ہے۔ رمضان کے آخر تک جاری رہنے والی اس نمائش میں آرٹسٹ کے 50 سے زائد بہترین فن پارے رکھے گئے ہیں۔ جن میں انہوں نے مختلف میڈیمز میں کام کیا ہے اور چمڑے، لکڑی، مینیچراور مختلف خطوط سے اپنے کام کو آراستہ کیا ہے۔ اس موقع پر لوک ورثہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہیرا شاھد نے بھی خطاب کیا۔