وفاقی سیکرٹری برائے انسانی حقوق رابعہ جویری آغا کا کانفرنس سے خطاب

65
امریکی انتظامیہ کا مشرق وسطیٰ سے لاکھوں شہریوں کے ممکنہ انخلا کے منصوبے پر غور

اسلام آباد۔19 فروری (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری برائے انسانی حقوق رابعہ جویری آغا نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کو فروغ دینا حکومت کا نصب العین ہے، حکومت انسانی حقوق کے حوالہ سے اپنے فرائض سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس نے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں تین روزہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ یہاں پر ہم سب مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مختلف ممالک، مختلف ثقافتوں اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے اکٹھے ہوئے ہیں جس مقصد کیلئے ہم سب یہاں پر موجود ہیں، وہ دنیا بھر میں انسانیت کی بہتری کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا فروغ ایک مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے فروغ کے نتیجہ میں آزادی، انصاف، احترام اور برابری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق لاپرواہی اور نفرت کے خلاف تریاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق ہی اخلاقی اصولوں کے حوالہ سے مثبت منشور ہے جبکہ یہ جمہوریت، امن اور غریب کے تحفظ کیلئے قابل عمل آلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان انسانی حقوق سے متعلق اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ اس حوالہ سے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن میں قانون سازی، پالیسی اقدامات، انسانی حقوق کے اداروں کا قیام، انتخابی اصلاحات، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بیت المال کا قیام شامل ہیں۔